
جدہ : شام کےصدر بشار الاسد بارہ سال بعد کل جدہ میں عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔سربراہ اجلاس سے قبل جدہ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی زیر صدارت عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔ شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے تصدیق کی کہ بشار الاسد عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دیگر عرب وزرا کے ساتھ عرب لیگ میں شام کی واپسی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں دنیا چیلنجوں اور متعدد دشواریوں سے گز رہی ہے۔ ہم ایسے دوراہے پرکھڑے ہیں جو عرب اتحاد کا تقاضا کررہا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ نیا ماحول کہہ رہا ہے کہ مشترکہ کوششوں کے فروغ کے لیے تمام عرب ممالک مزید کام کریں۔ مسائل سے نمٹنے کے لیے مناسب حل سامنے لائیں تاکہ عالم عرب محفوظ، مستحکم ، خوشحالی اور نعمتوں سے فیض یاب ہوسکے ۔عرب دنیا، افرادی طاقت اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ ہم مسلسل یکجہتی سے کام لیں۔ تمام ممکنہ وسائل بھرپور طریقے سے استعمال کریں۔


































