
دمشق : شام نے روس کے مستقل فوجی اڈوں کے قیام اور فوجیوں کی تعداد میں اضافہ پر آمادگی ظاہر کردی۔ روسی ایجنسی سے انٹرویو میں شام کے صدر بشار الاسد نے کہاکہ ان کا ملک شام میں مستقل فوجی اڈے قائم کرنے یا افواج کی تعداد میں اضافے کی کسی بھی تجویز کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے شام میں روسی فوج کے مستقل قیام کی تجویز دی اور کہاکہ روسی فوجی موجودگی عارضی نہیں ہوسکتی۔ کیونکہ یہ اہمیت کی حامل اور بین الاقوامی توازن سے جڑی ہوئی ہے۔ بشار الاسد نے کہاکہ آج کی سپر پاور اپنی سرحدوں کے اندرسے اپنی حفاظت نہیں کر سکتیں اور نہ ہی اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہیں یہ کردار اپنی سرحدوں کے باہر سے اتحادیوں یا اڈوں کے ذریعے ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ترک صدر کے ساتھ ملاقات سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ اس وقت تک طیب اردوان سے نہیں ملیں گے جب تک شام کی سرزمین سے انقرہ کا غیر قانونی قبضہ ختم نہیں ہوتا۔


































