
جدہ : شام نے بارہ سال بعد باضابطہ طور پر عرب لیگ کو دوبارہ جوائن کرلیا۔ جدہ میں عرب لیگ کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شام کے وزیر خزانہ نے شرکت کی، سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے براہ راست نشر کیے گئے اجلاس سے خطاب میں شامی عرب جمہوریہ کو عرب ریاستوں کی لیگ میں واپسی کا خیرمقدم کیا۔ محمد الجدعان نے مزید کہا کہ ہم کسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ وہ سب حاصل کر سکیں جس کی ہم خواہش رکھتے ہیں۔ یہ نومبر 2011 کے بعد شامی حکام کی اجلاس میں پہلی شرکت ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں عرب لیگ نے باضابطہ طور پر شام کی حکومت کا خیرمقدم کیا جس سے شام کی عرب لیگ میں شمولیت کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بشار الاسد کو بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں جمعے کو ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے شام کے صدر بشار الاسد کو اس سال کے آخر میں دبئی میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔


































