
نیویارک : سلامتی کونسل نے سوڈان میں انسانی امداد کی لوٹ مار کی مذمت کرتے ہوئے متحارب فریقوں سے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت پر اظہار تشویش کیا ہے۔ کونسل کے ارکان نے متحارب فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق پورے ملک میں انسانی امداد کے لیے محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی فراہم کریں۔ ارکان نے انسانی ہمدردی کی رسائی کی اجازت دینے کے لیے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایک مستقل جنگ بندی کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ سوڈان میں دیرپا، جامع اور جمہوری سیاسی تصفیہ تک پہنچنے کے عمل کو دوبارہ شروع کیا جائے۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ڈینیئل بینائم نے کہا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب معطل جدہ مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں جیسے ہی متحارب فریقین جنگ بندی کی تعمیل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے مذاکرات کی کوشش دوبارہ شروع کی جائے گی۔


































