
جدہ: سوڈان کے متحارب گروپوں نے جدہ میں جنگ بندی کیلئے بالواسطہ بات چیت دوبارہ شروع کر دی ہے ۔ سعودیہ امریکہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے وفود جدہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور قلیل مدتی اقدامات پر معاہدے تک پہنچنے کے لیے بالواسطہ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہر وفد نے مذاکراتی عمل کے سہولت کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں اور مذاکرات کے موجودہ دور میں کوئی نیا ایجنڈا تجویز نہیں کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات چیت انسانی امداد کی سہولت فراہم کرنے کے طریقوں اور قلیل مدتی اقدامات پر ایک معاہدے تک پہنچنے پر مرکوز ہے۔ فریقین کا کہنا ہے کہ انہیں 11 مئی کے جدہ اعلامیہ کے تحت سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور امریکہ سوڈان کے عوام کے ساتھ اپنے وعدے پر مضبوطی سے کھڑے ہیں اور سوڈانی فوج اور آر ایس ایف سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایک نئی جنگ بندی پر اتفاق کریں۔


































