
پیرس : امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے شروع ہونے والا فلسطینیوں کے حق میں احتجاج پیرس تک پہنچ گیا ہے۔ پیرس میں دوسرے دن بھی سینکڑوں طلبا نے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا اور غزہ میں جاری قتل عام کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ معروف سائنسز پو یونیورسٹی کے طلبا نے عمارت پر قبضہ کرلیا۔ طلبا نے غزہ جنگ کے خلاف احتجاج کیا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ امریکی یونیورسٹیوں میں بھی احتجاج میں شدت آگئی۔ جارج واشنگٹن اور اوبائیو یونیورسٹی میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کئےگئے۔۔
نیویارک کے سٹی کالج میں اسرائیل نواز مظاہرین اور فلسطینی حامی طلبا کے درمیان لڑائی ہوئی۔ امریکا میں اب تک پانچ سو سے زائد طلبا کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ طلبا نے احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا غزہ میں جنگ بندی اور بے گناہ انسانوں کے قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔
امریکی جامعات سے نکلنے والی احتجاج کی صدائیں آسٹریلیا پہنچ گئیں۔ یونیورسٹی آف سڈنی کے طلبہ نے پرامن مظاہرہ کیا اور اسرائیل نواز پالیسیوں پر آسٹریلوی وزیراعظم کے خلاف نعرے لگائے۔


































