
کولمبو: سری لنکا میں صدر کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کیخلاف مظاہروں میں شدت آنے اورصدر سے استعفیٰ دینے کے مطالبات پرصدر راجا پکسا نے ایک بارپھر ایمرجنس نافذ کردی۔ حکومت مخالف مظاہروں کو طاقت کے زور پر دبانے کے لئے سیکیورٹی فورسز کو غیر معمولی اختیارات دئیے گئے ہیں۔ ایمرجنسی کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم اس سے قبل لگائی گئی ایمرجنسی میں صدر کو فوج تعینات کرنے، شہریوں کو بغیر وجہ بتائے گرفتار کرنے اور احتجاج کو ختم کرنے کے اختیارات دئیے گئے تھے۔گزشتہ روز دارالحکومت کولمبو میں طلبا نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران کے دوران 5 ہفتوں میں دوسری مرتبہ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔


































