
واشنگٹن : ایران کی جوابی کارروائیوں سے خلیجی ممالک میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا اور بعض اڈے ناقابل استعمال ہوگئے۔ امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکا کے انیس اڈے اور تنصیبات مصر سے عراق اور شمالی شام سے لے کر جنوبی عمان تک پھیلی ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے جوابی حملوں میں ایک درجن امریکی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بعض اڈے اس حد تک متاثر ہوئے ہیں کہ انہیں ناقابلِ استعمال قرار دیا جا رہا ہے۔ جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہر مارک لنچ نے کہا کہ یہ صورتحال امریکا کی مشرق وسطیٰ میں عسکری بالادستی کے لیے بڑا دھچکا ہے اور ایران نے مختصر مدت میں امریکی موجودگی کے فزیکل اسٹرکچر کو کمزور کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع اور بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور عمان نے امریکی اڈوں تک رسائی سختی سے محدود کر دی ہے۔


































