
تہران: ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کو سات شرائط پیش کردیں اور واضح کیا کہ عمان سے معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی۔ ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق ثالثوں کے ذریعے شرائط امریکا تک پہنچادی گئی ہیں۔ ان شرائط کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔ تسنیم نیوز کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکا ان شرائط پر عمل درآمد نہیں کرتا، جبکہ آبنائے کھولنے کا فیصلہ مکمل طور پر امریکی اقدامات سے مشروط ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان نئی بحری گزرگاہوں سے متعلق مفاہمت طے پا گئی۔ نئی ترتیب کے تحت خلیج فارس میں داخل ہونے والا راستہ مکمل طور پر ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا، جبکہ خارجی راستے کا ایک حصہ بھی ایرانی حدود میں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق طے پانے والی مفاہمت کا مطلب آبنائے ہرمز کھولنا نہیں ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آبنائے کھولنے کے لیے امریکا کو ایران کی سات شرائط پوری کرنا ہوں گی۔


































