
برلن : امریکی، صیہونی اور آٹھ عرب ممالک کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں نے جرمنی میں ایک خفیہ اجلاس کیا ہے، جس میں ایران کے ساتھ جاری جنگ اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوس کے مطابق اجلاس امریکی سینٹکام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کی میزبانی میں ہوا، جس میں صیہونی فوج کے سربراہ کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر، اردن اور مصر کے فوجی سربراہان شریک ہوئے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن میں انصار اللہ کی حالیہ پیش قدمی کے نتیجے میں باب المندب کے اطراف صورتحال ڈرامائی طور پر تبدیل ہوئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز بھی ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کا مرکزی محاذ بنا ہوا ہے۔
ایگزیوس کے مطابق اجلاس کا باضابطہ اعلان کسی شریک حکومت کی جانب سے نہیں کیا گیا۔ تاہم اس ملاقات سے خطے میں امریکہ، صیہونی حکومت اور بعض عرب ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے عسکری تعاون کی نشاندہی ہوتی ہے۔


































