
فلوریڈا : سعودی خلاباز تاریخی خلائی مشن مکمل کرکے زمین پر واپس لوٹ آئے۔ اسپیس ایکس 2 مشن امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب بحفاظت زمین پر اُترگیا۔ پہلی سعودی اور عرب خاتون خلاباز ریانہ برناوی نے خلائی شٹل سے باہر نکلتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ دو سعودیوں ریانہ برناوی اور علی القرانی سمیت چار خلابازوں نے 8 دن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں گذارے اور مختلف تجربات کئے۔ خلانوردوں کا اسپیس شپ ایکس ڈریگن 300 پاؤنڈ سے زائد سامان کے ساتھ 12 گھنٹے کی پرواز کے بعد زمین پر واپس پہنچا ہے جس میں ناسا کے سائنسی آلات کے علاوہ 20 سے زیادہ مختلف تجربات کا ڈیٹا شامل ہے۔


































