
واشنگٹن : سعودی عرب اسرائیلی ٹیک کمپنیوں میں لاکھوں ڈالر سرمایہ کاری کرے گا یہ سرمایہ کاری سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر کے ایکویٹی فنڈز ایفنٹی پارٹنرز (Affinity Partners) کے ذریعے کی جائے گی۔ یہ انکشاف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کیا۔ رپورٹ کے مطابق فنڈز نے 3 ارب ڈالر سے زیادہ اکٹھے کرلئے ہیں جس میں سعودی عرب کے ویلتھ فنڈز کے دو ارب ڈالر کے وعدے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے دو اسرائیلی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے منتخب کیا ہے تاہم ان فرموں اور شعبوں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے ہیں۔یہ سرمایہ کاری پہلی معلوم مثال ہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی نقد رقم اسرائیل کو بھیجی جائے گی، جو سعودی حکام کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود اس کے ساتھ کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی خواہش کی علامت ہے۔ یہ سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان ایک پیش رفت کو معمول پر لانے کے معاہدے کی بنیاد ڈالنے میں مدد کر سکتی ہے۔


































