
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کو صرف اسی صورت پابندیوں میں نرمی مل سکتی ہے جب وہ اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہو جائے۔ سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران پر پابندیاں اس کے یورینیم کی افزودگی اور جوہری سرگرمیوں کی وجہ سے عائد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تہران ان سرگرمیوں سے دستبردار ہونے پر رضامند ہوتا ہے تو پابندیوں میں نرمی دی جا سکتی ہے۔ روبیو کے مطابق ایران کو طویل المدتی اور سخت جوہری حدود یا مکمل خاتمے پر بات چیت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اب ایسے پہلوؤں پر مذاکرات کر رہا ہے جنہیں وہ پہلے تسلیم نہیں کرتا تھا، تاہم اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ منجمد اربوں ڈالر کے اثاثے فوری طور پر جاری ہونے کا امکان نہیں، کیونکہ واشنگٹن کا مؤقف سخت ہے۔


































