
کراچی : روس پر پابندیوں اور روس کے جوابی اقدامات نے دنیا کو سنگین معاشی بحران میں پھنسادیا۔ یہ دعویٰ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فتح بیرول نے ایک بیان میں کیا ہے انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں جانب سے پابندیوں کے باعث دنیا بھر میں تیل کی منڈیوں میں زبردست بحران اور پیچیدگیاں پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ دنیا اس وقت بڑے عالمی بحران میں پھنسی ہوئی ہے، 70ء کی دہائی میں ہم نے تیل کا بحران دیکھا تھا جس کی وجہ سے کئی ملکوں میں مہنگائی اور مسائل پیدا ہوئے تھے، لیکن اُس وقت صرف تیل کا بحران تھا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ روس دنیا میں تیل اور قدرتی گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ انرجی سیکٹر کیلئے ضروری سمجھے جانے والے آلات اور سامان کی فروخت کرنے والا ملک بھی ہے، لہٰذا مغربی ممالک کی عائد کردہ پابندیوں اور روس کی جانب سے کیے جانے والے سیاسی فیصلوں کے دنیا بھر پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔


































