
واشنگٹن : امریکا نے یوکرین پر فضائی حملوں کے لیے روس کو ڈرونز مہیّا کرنے کے الزام میں ایران کے مزید 7 اداروں پر پابندی لگادی۔ بلیک لسٹ کیے گئے اداروں میں ایئرکرافٹ انجنزڈیزائن اور مینوفیکچرنگ، سپاہِ پاسداران انقلاب ایرواسپیس فورس، سپاہِ پاسداران انقلاب ریسرچ اور خودمکتفی جہاد آرگنائزیشن، اوجے پروازمدو نفر کمپنی، پروار پارس کمپنی، قدس ایوی ایشن انڈسٹری اور شاہد ایوی ایشن انڈسٹریز شامل ہیں۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق ایرانی بغیر پائلٹ والی فضائی گاڑیاں (یو اے وی) یوکرین میں استعمال کے لیے روس منتقل کی جا رہی ہیں۔ یہ سرگرمی امریکا کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے منافی ہے۔


































