
ماسکو: روس نے باخموت میں یوکرینی فوج کی پیشرفت کی تردید کرتے ہوئے برطانیہ کو سخت نتائج کی دھمکی دیدی۔ روسی وزارت دفاع نے کہا ہےکہ باخموت میں کئی ماہ سے جاری لڑائی میں پیشرفت کے یوکرینی فوج کےدعوے میں کوئی صداقت نہیں۔ فرنٹ لائن کےکئی پوائنٹس پر بریک تھرو سے متعلق ٹیلی گرام پرانفرادی اعلانات حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ادھر یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھیجنے کے وعدے کے بعد روس نے برطانیہ کو سخت فوجی ردعمل کی دھمکی دی ہے۔ ماسکو نے کہا کہ برطانیہ کو اس اقدام کا ہماری فوج کی طرف سے مناسب جواب دیا جائے گا۔ اس سے پہلے برطانیہ نے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والا کروز میزائل فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ برطانوی وزیر دفاع بین والس نے پارلیمنٹ میں کہا کہ روس کو تسلیم کرنا ہوگا کہ اس کے اقدامات کی وجہ سے ہی ہم ایسے بڑے سسٹمز یوکرین کو فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ یوکرین کو اسٹارم شیڈو میزائل دے رہا ہے جو اس کے علاقوں سے ہی استعمال کیے جائیں گے۔


































