
ماسکو : روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس بدستور فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے اور فلسطین ۔ اسرائیل تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
روسی خبر ایجنسی کو ایک انٹرویو میں سرگئی لاروف نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے منصفانہ حل کے لیے ایک اہم عنصر قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اوراس کے گرد و نواح میں صورتحال چاہے جیسے بھی رخ اختیار کرے۔ روس فلسطین اسرائیل تنازع کے حل کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ قانونی فریم ورک کی بنیاد پر اپنے مؤقف کی توثیق کرتا ہے۔
لاوروف کا کہنا تھا کہ اس مسئلے میں بنیادی بات تاریخی ناانصافی کا ازالہ ہے اور اس کا حل ایک ایسی فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے جو اسرائیل کے ساتھ بقائے باہمی کے اصول کے تحت وجود رکھتی ہو۔


































