
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپس میں خوفناک آتشزدگی سے 12 ہزار سے زائد افرد بے گھر ہوگئے۔بنگلہ دیش میں میانمار کی سرحد کے ساتھ ضلع کاکس بازار میں روہنگیا مہاجرین کے گنجان آباد کیمپس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ بانسوں اور چٹائیوں سے بنے دوہزار سے زائد آشیانے اور اس میں موجود سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے ۔ ٹھکانے جلنے سے بارہ ہزار سے زائد افراد کھلے آسمان تلے آگئے۔ جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ آگ گیس سلنڈر کے باعث لگی۔ کاکس بازار کے اس پناہ گزین کیمپ کو دنیا کا سب سے بڑا مہاجر کیمپ کہا جاتا ہے۔ جہاں میانمار میں فوجی مظالم کے باعث جان بچاکر آنے والے مسلمان پناہ گزین ہیں۔


































