
دوحہ : قطر نے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ کشیدگی میں اضافے سے خبردار کیا ہے۔ خطے میں ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ کشیدگی میں اضافہ نہ صرف اس کے استحکام بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے خطرہ ہے۔ سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان تمام کوششوں اور مشاورت کی حمایت کرتے ہیں۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قطر رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنے اور محصور غزہ میں امداد کی ترسیل کے لیے ثالثوں کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں جو انسانی امداد کی فراہمی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہیں۔ ماجد الانصاری نے واضح کیا کہ انسانی امداد کو سیاسی بلیک میلنگ کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے تک پہنچنے کے لیے تمام فریقوں کی نجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس عمل میں کئی پیچیدگیاں درپیش ہیں جن کے حل کے لیے مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


































