
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میاں چنوں کے نواحی علاقہ تلمبہ میں توہین قرآن پاک کے الزام میں ایک ذہنی معذور کی متشدد گروہ کے ہاتھوں ہلاکت کے سانحہ کو قانون و انصاف کے چہرے پر بدنما داغ قرار دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جنونیت کے بڑھتے ہوئے واقعات ریاست کے وجود کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔انصاف کی فراہمی میں سست روی اور ظالموں کی سزا میں تاخیر ان عناصر کے حوصلوں کو تقویت فراہم کرتے ہیں جو مذہب کے نام پر درندگی اور بھیانک ردعمل کو قابل فخر سمجھتے ہیں۔جب تک ایسے شدت پسندوں کو عبرت ناک سزائیں نہیں دی جاتیں تب تک عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ اگر صاحبان اقتدار کو وطن عزیز کی سالمیت و بقا عزیز ہے تو وہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر ان کے لیے فوری اور سخت سزاؤں کو یقینی بنائے۔


































