آیت اللہ شہید مرتضیٰ مطہریؒ
حق اور فرض کے ایک دوسرے کے ساتھ لازم و ملزوم ہونے کے بارے میں امام علی ؑ فرماتے ہیں:
”جس کا کچھ حق ہے، اس کے ذمہ کچھ فرض بھی ہے اور جس کے ذمہ کچھ فرض ہے اس کا کچھ حق بھی ہے۔“
یعنی فرض اور حق ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔ اگر کسی کا حق ہے تو اس حق کے ساتھ فرض بھی ہے۔
رسول خدانے فرمایا ہے:
” وہ شخص خدا کی رحمت سے دور اور لعنتی ہے جو اپنا بوجھ دوسروں پر ڈالتا ہے۔“
یعنی حقوق سے تو استفادہ کرتا ہے مگر اپنا فرض انجام نہیں دیتا۔
کمزوروں کا حق
یہ درست ہے کہ اسلام میں غریبوں ، اپاہجوں اور کمزوروں کا حق دوسروں کے مال میں تسلیم کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سورہ¿ بنی اسرائیل میں فرماتا ہے:
”رشتہ داروں ، غریبوں اور مجبور مسافروں کا حق ادا کرو۔“
سورہ¿ معارج میں ارشاد ہے:
”مومنین کے مال میں سوال کرنے والے اور محروم دونوں کا مقررہ حق ہے۔“
وہ کمزور، ناچار اور غریب جو روزی کمانے پر قادر نہیں یا ان کی کمائی ان کے گزارے کے لئے کافی نہیں ہوتی وہ اپنی طاقت سے زیادہ محنت کرنے کے مکلف نہیں۔ گو وہ روزی پیدا نہیں کرتے اور اپنا معاشرتی فرض انجام نہیں دیتے، پھر بھی ان کو محروم نہیں رکھا جاسکتا کیونکہ اس تعلق غائی کی بنا پر جوان کے اور اس دنیا کے سازوسامان کے مابین ہے۔ خدا کی عطا کردہ نعمتوں کا جو دسترخوان بچھا ہوا ہے وہ ان کے لئے بھی ہے۔
اللہ نے یہ زمین سب لوگوں کے لئے (نہ کہ بعض کے لئے) بنائی ہے۔ اگر وہ اپنا فرض انجام دے سکتے اور پھر انجام نہ دیتے، جب تو ان کی سزا یہ ہوتی کہ وہ محروم رہتے لیکن اب جبکہ ان میں یہ طاقت نہیں تو ان کا اصل حق اپنی جگہ باقی ہے۔ ضعیفوں ، غریبوں اور مجبوروں کا حق دولتمندوں کے اموال میں ہے۔
ایک بنیادی فرق
وہ سماجی فلسفہ جو مادی اصولوں پر مبنی ہے اس میں اور اسلامی حقوق میں جن کی بنیاد علت غائی پر ہے، یہی فرق ہے کہ اسلامی حقوق کے جو اصول ہیں ان کے مطابق محتاج ذی حق ہیں لیکن لا مذہبی اصول کے مطابق حق صرف پیداواری کام ، محنت اور صنعت سے پیدا ہوتا ہے۔
امام علی ؑ فرماتے ہیں :
”ہر ذی حیات کے لئے روزی مقرر ہے اور ہر دانے کا کھانے والا ہے۔“
میں آپ ؑ ہی کا ایک اور فقرہ نقل کرتا ہوں جو حق اور حقدار کے درمیان تعلق فاعلی کے بارے میں ہے۔
ایک شیعہ امام کے پاس آیا اور اس نے فے اور مال غنیمت میں سے جو مسلمان سپاہیوں نے لڑکر حاصل کیا تھا، کچھ طلب کیا۔
امام ؑ نے جواب میں فرمایا کہ یہ مسلمانوں کا مال ہے۔ اگر تم بھی ان کے ساتھ تھے اور تم نے بھی جنگ کی صعوبت اٹھائی ہے تو تم بھی ان کے ساتھ شریک ہواور تمہارا بھی حق ہے۔
ورنہ جو انہوں نے اپنے دست و بازو سے حاصل کیا ہے وہ کسی دوسرے کے منہ میں نہیں جاسکتا۔
یعنی جو تکلیف اٹھا کر اور محنت کرکے کچھ حاصل کرے گا وہ اسی کا مال ہوگا۔ اس کا کسی دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کے کوئی معنی نہیں کہ تکلیف تو اٹھائیں بی فاختہ اور کوے انڈے کھائیں۔
معاشرے کا حق
اسلام میں حق کا احترام کیا جاتا ہے۔ حقوق العباد کا خاص خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ انصاف کو غیر معمولی تقدس حاصل ہے۔ حقوق میں خیانت خصوصاً عوام کے حقوق میں ، اسلام کی نظر میں بدترین خیانت ہے۔ امام علی ؑ نے فرمایا ہے:
سب سے بڑی خیانت قوم کے ساتھ خیانت کرنا ہے اور بدترین دغا بازی مسلمان زعما کو دھوکا دینا ہے۔ ظاہر ہے یہ بھی مسلمانوں ہی کے ساتھ خیانت کے مترادف ہے۔
اسلام بہت کم مدت میں اور بڑی تیزی کے ساتھ دنیا میں پھیل گیا۔ کیا اس کی وجہ صرف اس کے سادہ اخلاقی احکام تھے ؟ اگر اسلام معاشرتی اصلاحات کی طرف توجہ مبذول نہ کرتا تو ممکن نہیں تھا کہ وہ صرف اپنے اخلاقی احکام کی بنا پر کامیابی حاصل کر سکتا۔ اسلام انصاف ، حق ، آزادی اور مساوات کا علمبردار اور بیجا فرق و امتیاز کا مخالف تھا۔ ان ہی اصولوں کی بنا پر اس نے ایک نئی دنیا بسائی اور ان ہی اصولوں کے درہم برہم ہو جانے سے اسے نقصان پہنچا۔
اسلام میں حقوق کی بڑی اہمیت ہے۔ انصاف جو حقوق کی حفاظت کا دوسرا نام ہے۔ اسلام میں ایک مقدس فریضہ ہے۔ حقوق اور انصاف کا احترام ہی اسلامی تحریک کی ترقی اور کامیابی کی وجہ تھی۔ اسلام میں حقوق پہلے سے طے شدہ ہیں اور ان ہی کی بنیاد پر ایسے قواعد و ضوابط وضع کئے گئے ہیں جو اس مذہب کی انتہائی باریک بینی کے آئینہ دار ہیں۔
ماں ، باپ اور استاد وغیرہ کے حقوق کی ایسی مثالیں ملتی ہیں جو بجائے خود بڑی لطیف اور دقیق ہیں۔

































