
تہران : ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں عرب امارات کے دو آئل ٹینکروں کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ حملے سے دونوں ٹینکروں میں آگ لگ گئی۔ حملے میں عملے کا ایک انڈین رکن ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق دونوں سپر آئل ٹینکرز ممنوعہ راستے میں داخل ہوئے۔ دونوں جہازوں نے اپنی نیوی گیشن سسٹم بند کر دیے اور آبنائے ہرمز سیکیورٹی کنٹرول سینٹر کی متعدد وارننگز کو نظرانداز کیا۔ پاسداران انقلاب کے مطابق جہازوں نے قانونی بحری راستہ اختیار کرنے کے بجائے بارودی سرنگوں والے علاقے سے گزرنے کی کوشش کی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام سے بین الاقوامی بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالا گیا اور سیکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔
آئی آر جی سی کے مطابق دونوں سپر آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔ بیان میں امریکہ پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے خطے میں انتشار پھیلانے کے لیے جہازوں کو قانونی بحری راستوں کی خلاف ورزی پر اکسایا۔


































