
دوحہ : اکیس عرب، اسلامی اور افریقی ممالک نے اسرائیل کے صومالیہ کے علیحدہ خطے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں اکیس ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی فیصلے کی سخت مذمت کی اور اسے بین الاقوامی امن وسلامتی کیلئے ایک خطرناک مثال قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے اصولوں کے منافی ہے اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ ممالک نے خبردار کیا کہ اس فیصلے کے افریقہ کے سینگ کہلائے جانیوالے خطے اور بحیرۂ احمر میں امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مشترکہ بیان میں صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ بیان میں فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش سے اس اقدام کو جوڑنے کو بھی اصولی طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔


































