
نئی دہلی : ہندوستان کی عدالت نے مودی کو چور کہنے پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو دوسال قید کی سزا سنادی۔ گجرات کے شہر سورت کی سیشن عدالت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔ راہل گاندھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے انہیں ہتک عزت کا مجرم قرار دیتے ہوئے دو سال کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ان کی 30 دن کے لیے ضمانت منظور کرتے ہوئے سزا معطل کردی تاکہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کرسکیں۔ راہل گاندھی نے 2019 میں کرناٹک میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام چوروں کا خاندانی نام مودی ہی کیوں ہوتا ہے؟ ان کا اشارہ کرپشن کیسز میں ملوث ہیروں کے مفرور تاجر نیرو مودی اور آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی کی طرف تھا۔ اس بیان پر کافی ہنگامہ ہوا اور بی جے پی رکن اسمبلی پورنیش مودی نے راہل پر ہتک عزت کیس درج کروادیا تھا۔ کانگریس پارٹی نے بیان میں کہا ہے کہ راہل گاندھی اس فیصلے کو چیلنج کریں گے اور کیس جیتیں گے۔


































