
تل ابیب : صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد کا خاتمہ اب محض وقت کی بات ہے۔ نیتن یاہو نے امریکا میں اسرائیل کی حمایت میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے ممکنہ معاشی اور بینکاری پابندیوں سے نمٹنے کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کو امریکا کی جانب سے ملنے والی اربوں ڈالر کی فوجی امداد مستقل طور پر جاری نہیں رہے گی۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 10 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو امریکی فوجی امداد کے خاتمے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا بدل چکا ہے اور امریکی امداد کا سلسلہ ختم ہونا صرف وقت کی بات ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق، اسرائیل کو اپنی دفاعی ضروریات کے لیے امریکا پر انحصار کم کرنا ہوگا اور ممکنہ معاشی و بینکاری پابندیوں سے نمٹنے کے لیے متبادل انتظامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے حکام کو ایسی حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جس کے ذریعے اسرائیلی معیشت کو مالی پابندیوں کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔


































