
مقبوضہ بیت المقدس: غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غزہ شہر میں ایک گاڑی پر حملے میں کم از کم ایک شخص شہید ہوا جبکہ خان یونس میں سائیکل سوار فلسطینی اور نصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک شخص اسرائیلی حملوں میں شہید ہوا، شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب فائرنگ سے ایک خاتون بھی شہید ہوگئیں۔
حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ کے مطابق تل الہوا کے علاقے میں منشیات کنٹرول پولیس کی گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص شہید اور دوسرا زخمی ہوا۔
اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ ہتھیار جمع کر رہی ہے اور حملوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ حماس ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتی ہے۔
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ کی تعمیر نو اور اسرائیلی فوج کے انخلا پر اتفاق نہیں ہوسکا۔


































