
اپنے شوہر کو اپنی محبت کا گرویدہ بنائیے
اگر شوہر کو يہ معلوم ہوكہ اسے اپنى شريک حیات كى بھر پور محبت حاصل ہے تو وہ اپنے خاندان كى فلاح و بہبود اور خوشى كے لئے اپنى فداكارى كى حد تک كوشش كرنے كے لئے تيار رہے گا۔ جس مرد كو محبت كى كمى محسوس نہيں ہوتى وہ بہت كم دماغى امراض اور اعصابى كمزوريوں كا شكار ہوتا ہے۔
خواتین محترم! اگر آپ كے شوہر کو يہ معلوم ہو كہ آپ اس سے محبت نہيں كرتيں تو وہ آپ سے سرد مزاجی سے كام لے گا۔ زندگى اور اپنے كام كاج سے اس كى دلچسپى كم ہوجائے گى۔ پريشانيوں اور دماغى امراض ميں مبتلا ہوجائے گا اور زندگى کے ميدان ميں سرگرداں اور پريشان رہے گا ممكن ہے مجبور ہوكر شراب خانوں ، قمار خانوں اور تباہى و بردبارى كے مراكز ميں پناہ لے لے۔
اپنے دل ميں سوچے گا كہ ميں ايسے لوگوں كے لئے كيوں تكليف اٹھاؤں جو مجھ سے محبت نہيں کرتے۔ بہتر ہے عياشى اور آزادى كى زندگى گزاروں اور اپنے لئے حقيقى دوست پيدا كروں۔
اپنے شوہر کو اپنی محبت کا گرویدہ بنائیے اور اس كے ذريعے اس كى توجہ كو اپنے گھر اور خاندان كى طرف مركوز کروائیے۔ ممكن ہے آپ دل سے اپنے شوہر كو بہت چاہتى ہوں مگر اظہار نہ كرتى ہوں۔ آپ کو چاہیے اس كا اظہار بھى کریں اور اپنى رفتار و گفتار کے ذريعے اپنے عشق و مبحت كا اظہار كيجیے۔
اس ميں كيا حرج ہے! اگر كبھى كبھى آپ اپنے شوہر سے كہيں كہ ميں واقعى آپ كو بہت چاہتى ہوں۔ اگر وہ سفر سے واپس آيا ہے تو نيا لباس يا پھولوں كا ايك گلدستہ اس كى نذر كريں اور كہيں! اچھا ہوا آپ آگئے مجھے آپ كى جدائي گوارہ نہيں۔ شوہر باہر ہو تو اس کی خيريت پوچھ ليجیے۔ اگر خلاف معمول دير سے گھر پہنچے تو اپنى پريشانى كا اظہار كيجیے۔


































