
اسلام آباد: اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل جانے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں لگا کر بند کر دیاگیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26 نمبر چونگی کے دونوں اطراف کنٹینر لگا دیے گئے جس کی وجہ سے اسلام آباد سے ائیرپورٹ کی طرف جانے والے راستے پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنس گئی۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے 26 نمبر چونگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج بھی پرامن طریقے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے ہیں، کارکنوں نے ہر موقع پر تحمل کا مظاہرہ کیا، ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹیو اور پوری کابینہ کو راستے میں روکنا امتیازی سلوک ہے، اب منتخب صوبائی قیادت کا راستہ بھی روک دیا گیا ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا بانی پی ٹی آئی کی فیملی، وکلا، ذاتی ڈاکٹروں سے ملاقاتیں بنیادی انسانی حقوق کا تقاضا ہیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے مسئلے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی مرضی کے اسپتال میں علاج کی سہولت دی جانی چاہیے۔ سہیل آفریدی نے کہا بانی پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مخالفین کے علاج کے معاملے میں فراخدلی کا مظاہرہ کیا تھا، ہمارا کوئی غیر قانونی یاغیر آئینی مطالبہ نہیں صرف بنیادی انسانی حقوق کی بات کررہے ہیں۔


































