
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ذریعے ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے، خارگ پر قبضہ کرکے ایرانی تیل حاصل کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ڈیل جلد ہو سکتی ہے، لگتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ بہت جلد ایک معاہدہ کرلیں گے، ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔
فنانشنل ٹائمز سے گفتگو میں بولے میرا پسندیدہ آپشن ایرانی تیل پر قبضہ کرنا ہے، ایرانی برآمدی مرکز خارگ پر قبضہ کر سکتے ہیں، مجھے یقین نہیں ہے کہ ایرانیوں کے پاس کوئی دفاع ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کا تیل لے سکتے ہیں اور ملک میں تیل کے بڑے مرکز خارگ جزیرے پر قبضہ بھی کر سکتے ہیں، سچ یہ ہے کہ میرا پسندیدہ آپشن یہ ہے کہ ایران کا تیل لے لیا جائے لیکن امریکا میں کچھ بیوقوف لوگ کہتے ہیں کہ آپ ایسا کیوں کریں گے؟ وہ بیوقوف لوگ ہیں۔


































