
اسلام آباد: صدر عارف علوی نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت نو اپریل بروز اتوار پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کےلئے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت انتخابات کا پروگرام جاری کرے۔ صدر عارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔ چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں لہٰذا، سیکشن 57 ایک کے تحت صدر اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں۔صدر نے مزید کہا کہ آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے۔ الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔


































