
ڈھاکا: طاقتور طوفان موچا میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ حادثات میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ طاقتور طوفان میانمار کی راکھین ریاست میں اسیٹوے ٹاؤن شپ کے قریب 209 کلومیٹر کی رفتار سے ٹکرایا۔ جس سے ینگوں کے قریب جزائر میں عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔بجلی کے ٹرانسفارمرز، سیل فون ٹاورز، کشتیاں اور لیمپ پوسٹس کو نقصان پہنچا۔ ساحل پر دس سے بارہ فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں اور پانی ساحلی آبادیوں تک پہنچ گیا۔ متوقع طوفان کے پیش نظر پہلے ہی ہزاروں افراد کو منتقل کردیا گیا تھا۔ بنگلہ دیش میں بھی جنوب مشرقی ساحلی خطوں میں لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ موچا نامی طوفان بنگلہ دیش میں تقریباً دو دہائیوں میں دیکھے گئے طاقتور ترین طوفانوں میں سے ایک ہے۔


































