
انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان کے مسلسل تیسری بار صدر بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔ ترکیہ میں 14 مئی کے صدارتی انتخابات میں تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار سنان اوغان نے صدر رجب طیب اردوان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ سنان اوغان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ طویل مشاورت کے بعد کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا فیصلہ ہمارے ملک اور قوم کے لیے درست فیصلہ ہے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ 28 مئی کو طیب اردوان کو ووٹ دیں۔ صدر اردوان اورحریف کمال کلیچ دار اوغلو کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔ صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ نہیں لے سکا تھا۔ 28 مئی کو کامیابی کی صورت میں صدر اردوان مزید 5 سال کے لیے تیسری اور آئینی لحاظ سے آخری بار ترکیہ کے صدر بن جائیں گے۔


































