
روم : پوپ لیو چہاردہم نے دو ریاستی حل کی حمایت کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے اور غزہ میں فلسطینی شہریوں کو اپنی سرزمین پر امن سے جینے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ویٹی کن میں سفیروں سے سالانہ ملاقات کے دوران پوپ لیو چہاردہم کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں اعلان کردہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینی شہریوں کی انسانی تکالیف بدستور جاری ہیں۔ پوپ نے واضح کیا کہ دو ریاستی حل ہی دونوں اقوام کی جائز امنگوں کو پورا کرنے کا واحد ادارہ جاتی فریم ورک ہے۔ پوپ لیو چہاردہم نے جنگ کے دوبارہ رجحان کو خطرناک قرار دیا اور کہا کہ عسکریت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عالمی کثیرالجہتی نظام کمزور پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکالمے اور اتفاقِ رائے پر مبنی سفارت کاری کی جگہ طاقت کی سفارت کاری لے رہی ہے۔ یہ رجحان قانون کی حکمرانی کو کمزور کر رہا ہے، جو پرامن اور مہذب بقائے باہمی کی بنیاد ہے۔


































