
نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں غیر مشروط قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد کے حق میں ایک سو چونسٹھ ممالک نے ووٹ دیا جو اب تک کی سب سے بڑی حمایت ہے۔ اسرائیل۔ امریکا اور ارجنٹینا سمیت صرف آٹھ ممالک نے مخالف کی۔ نو ممالک نے ووٹ دینے سے اجتناب کیا۔ قرارداد کی منظوری اسرائیل کے قبضے اور نوآبادیاتی آبادکاری کی پالیسیوں کو مسترد کرنے کے عالمی مؤقف کی عکاس ہے۔
قرارداد میں عالمی عدالتِ انصاف کی مشاورتی رائے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ جس میں فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل مبصر ریاض منصور نے قرارداد کا خیرمقدم کیا۔


































