
نیویارک: پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ فوری طور پر غیرقانونی آبادکاری اور فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں بند کرے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں کہا ہے کہ اسرائیل کا ای ون منصوبہ فلسطینی ریاست کے جغرافیائی تسلسل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ای ون منصوبہ دو ریاستی حل کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کا تشدد اور غیر قانونی آبادکاری کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عاصم افتخار نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کے روکے گئے فنڈز فوری طور پر بحال کیے جائیں اور فلسطینی اراضی کے الحاق، گھروں کی مسماری اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی عوام کو غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے تشدد سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں پر مشتمل، مشرقی القدس کو دارالحکومت بنانے والی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی پائیدار امن کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔


































