
اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے یمن کے معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وزیراعظم نے اُمہ کے موجودہ چیلنجز میں اُمہ کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی برقرار رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شہبازشریف نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقائی مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن اور سلامتی برقرار رکھنا ضروری ہے۔
ادھر پاکستانی وزارت خارجہ نے یمن میں دوبارہ تشدد بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ یکطرفہ اقدامات صورتحال کو مزید کشیدہ، امن کوششوں کو نقصان اور خطے کا امن خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔


































