
انقرہ: ترک فورسز نے شمالی شام میں ایک کارروائی کے دوران استنبول کے مصروف علاقے میں مہلک بم دھماکے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس کی شناخت حلیل مینسی کے نام سے ہوئی ہے جسے ترک انٹیلی جنس ایجنٹوں نے ایک کارروائی میں ہلاک کیا۔ ایجنسی کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ترکیہ کے حیبر ترک ٹیلی ویژن نے بتایا کہ یہ کارروائی 22 فروری کو قمشلی قصبے میں کی گئی۔ 13 نومبر کو استنبول کے مصروف علاقے استقلال ایونیو میں ہونے والے بم حملے میں دو بچوں سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ 80 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔


































