
سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں ایک اور پولیس مقابلہ بھی جعلی نکلا۔ سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں پیر کو جعلی مقابلے میں شہید کئے گئے الطاف احمد بھٹ اور ڈاکٹر مدثر گل سمیت چار شہریوں کے لواحقین نے احتجاج کیا اور اپنے پیاروں کی لاشیں حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے سری نگر کے پریس انکلیو میں دھرنے پر بیٹھے افراد پر رات گئےدھاوا بولا اور طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوجیوں نے پیر کی رات سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں چار شہریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کرکے 70 کلومیٹر دور علاقے ہندواڑہ میں دفن کردیا تھا ۔ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے بھی پولیس کے دعوے پر سوال اٹھایا ہے اور اس بارے میں غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ گذشتہ دو سے تین برسوں کے دوران پولیس ہلاک ہونے والے میبنہ شدت پسندوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کر رہی۔


































