
راولپنڈی : کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں سے بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا، دہشت گردوں کے معاونین کے ساتھ بھی فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔ آرمی چیف نے ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے موقع پر فورم نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیرمتزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ملک کو درپیش خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات سماجی روابط کے ذریعے گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کا خاتمہ کرتے ہیں۔ شرکاء نے پائیدار امن، استحکام یقینی بنانے کےلیے دیگر علاقوں میں بھی ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کےلیے پاکستان کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کی توثیق کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کے شرکا نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی اور غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔


































