
دوحہ: دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طویل عرصے سے تعطل کا شکار مذاکرات بحال ہوگئے۔ حماس اور اسرائیل دونوں نے دوحہ میں دوبارہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کردی۔ مذاکرات میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے نکات شامل ہیں۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ بالواسطہ مذاکرات کی بحالی تحریک کی سنجیدگی کی تصدیق کرتی ہے۔ تحریک ایک ایسے معاہدے کے لیے کام جاری رکھے گی جو فلسطینیوں کی امنگوں اور اہداف کو پورا کرے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے یرغمالیوں کے رشتہ داروں سے گفتگو میں مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یرغمالیوں کو رہا کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ نیتن یاہو نے حماس کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


































