
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے رینجرز کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرلیا۔ عمران خان مختلف کیسز میں ضمانت حاصل کرنے کےلیے وہیل چیئر پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں نیب راولپنڈی نے حراست میں لے لیا۔ عمران خان کو رینجرز حکام لے کر روانہ ہوئے اور انہیں سخت سیکیورٹی میں نیب راولپنڈی میں پیش کردیا۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور رینجرز اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وکیل علی بخاری نے بتایا کہ عمران خان بائیو میٹرک کرانے دائری برانچ کے باہر گئے تھے، جہاں بائیو میٹرک روم کے شیشے توڑ کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ وکیل بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ رینجرز نے عمران خان پر تشدد کیا۔
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کئی شہروں عوام نے سڑکیں بند کردیں۔پنجاب،خیبرپختونخوا، سندھ کے مختلف شہروں میں عوام نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کردیں۔ احاطہ عدالت میں گرفتاری کے خلاف لاہور جی پی او چوک پر وکلا کی طرف سے احتجاج شروع ہوگیا۔ وکلا نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ کراچی میں بھی کارکنوں ںے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بند کردی جس کے سبب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔


































