
رحیم یار خان: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی نے رحیم یار خان میں انجمن حسینیہ کے رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے جلد 1400 پختہ گھر بنانے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، ہم بے گھر مصیبت زدہ پاکستانیوں کی مکمل بحالی کا عزم لئے میدان میں اترے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور انجمن حسینہ کے اشتراک سے 1400 پکے گھروں کے منصوبے پر ورکنگ جاری ہے جسے بہت جلد منظم انداز میں عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی ادارے المجلس ویلفیر آرگنائزیشن کی اس وقت ترجیح سیلاب متاثرین کو فوری امداد پہنچانے اور جلد از جلد بحالی پر مرکوز ہے، سندھ میں دولت پور میں متاثرین کے لیے ایک خیمہ بستی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میں موجود فیملیز کو زندگی کی تمام تر ضرورت کی اشیا فراہم کی جا رہی ہیں جس میں راشن اور میڈیکل کی سہولیات بھی شامل ہیں۔


































