
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مغربی ممالک بین الاقوامی قوانین کی پاسداری نہیں کر رہے کیونکہ غزہ میں بہایا جانے والا خون مسلمانوں کا خون ہے۔طیب اردوان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی حملے دفاع کے حق کی دہلیز کو عبور کرکے کھلے ظلم، بربریت اور قتل عام میں بدل چکے ہیں۔ اردوان نے کہا کہ کسی کو بھی ہم سے خاموش رہنے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے جب کہ ہماری آنکھوں کے سامنے مظالم ہو رہے ہیں۔ ادھر عرب ممالک نے غزہ کی پٹی میں جبری نقل مکانی اور اجتماعی سزا کی سخت مذمت کی ہے۔ بحرین، مصر، اردن، کویت، مراکش، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اپنے دفاع کا حق قانون شکنی اور فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے کا جواز نہیں بنتا۔


































