
تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مسلم اور پڑوسی ممالک کے نام پیغام میں کہا ہےکہ آپ ہمارے بھائی ہیں، ہمارا آپ لوگوں سے کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں ہے۔ ایرانی صدر نے عید پر پیغام میں کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات سے صرف صیہونی ریاست ہی فاٗئدہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عید الفطر کے موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمیں طاقت اور اتحاد عطا فرمائے تاکہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے اللہ کی رضا حاصل کر سکیں۔
ادھر وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی میں امریکا ویتنام جنگ جیسی غلطیوں کو دہرا رہا ہے۔ ساٹھ کی دہائی میں بھی امریکی حکام زمینی حقائق کے برعکس کامیابی کے دعوے کرتے رہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1967 میں ویتنام جنگ کے دوران جب امریکی فوجی ہلاک ہو رہے تھے اور نتائج واضح ہو چکے تھے، تب بھی جنرل ولیم ویسٹمورلینڈ کو یہ تاثر دینے کے لیے پیش کیا گیا کہ امریکا جنگ جیت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی وہی منظر دہرایا جا رہا ہے جہاں امریکی حکام حقیقت سے ہٹ کر بیانات دے رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس صورتحال کو پرانا اسکرپٹ، مختلف اسٹیج قرار دیا۔


































