
کابل: افغان طالبان نے پچیس افغانوں کو مارنے کے اعتراف پر شہزادہ ہیری کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ طالبان رہنما انس حقانی نے ٹوئٹ کیا کہ مسٹر ہیری! جن کو تم نے مارا وہ شطرنج کےمہرے نہیں جیتے جاگتے انسان تھے۔ جنگ کے دوران افغان شہریوں کو قتل کرنے والوں میں سے بہت سے لوگ اپنے مافی الضمیر کو ظاہر کرنے اور جنگی جرائم کے اعتراف میں شائستگی کا اظہار نہیں کرتے لیکن سچ وہی ہے جو آپ نے کہا۔ ہمارے معصوم لوگ آپ کے فوجیوں اور سیاسی لیڈروں کے لیے شطرنج کے مہرے تھے۔ پھر بھی آپ کو سفید اور سیاہ مربع کے اس کھیل میں شکست ہوئی۔ انس حقانی نے خیال ظاہرکیا کہ آپ کے اس اعتراف پر مجھے امید نہیں ہے کہ عالمی فوجداری عدالت آپ کو طلب کرے گی یا انسانی حقوق کے کارکن آپ کی مذمت کریں گے، کیونکہ وہ آپ لوگوں کے معاملے میں بہرے اور اندھے ہوجاتے ہیں لیکن امید ہے کہ تاریخ انسانیت میں آپ کے مظالم کو یاد رکھا جائے گا۔


































