
سرگودھا : شیعہ علماء کونسل کے سیکریٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ عزاداری تشیع کی شناخت اور آئینی و شہری حق ہے۔ جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے، اس کے لئے چاہے جتنی قربانی دینی پڑے دینے کیلئے تیار ہیں۔ جامعۃ الفرات سرگودھا کے زیرِ اہتمام نہج البلاغہ کانفرنس سے خطاب میں علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ ہمارے بے گناہ مظلوم شہداء نے جام شہادت نوش کرکے ملت تشیع کو ابدی حیات بخشی، آج دشمن ہمارے مکتب کو نشانہ بنا رہا ہے اور ہمیں نشانہ بنا کر ہماری مساجد و امام بارگاہوں میں دھماکے کرکے ہماری عزاداری کو محدود کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ میں امیرالمومنین علی علیہ السلام کے خطبات کی روشنی میں ہم سب پر آج کے دور میں ظالم و مظلوم کی شناخت رکھنا لازم ہے، وصیت مولا امیرالمومنین علی علیہ السلام پر عمل پیرا ہوکر ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کے مخالف بننا چاہیئے۔


































