
تہران : ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کی دفاعی صلاحیتیں جارحیت روکنے کے لیے ہیں اور میزائل پروگرام پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیلی اور امریکی میڈیا کی جانب سے ایران کے میزائل پروگرام کو بہانہ بنا کر ممکنہ فوجی جارحیت کی باتوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے ایران کے میزائل پروگرام کو خطرہ قرار دینے کے بیانیے کو کھلی منافقت اور دُہرے معیار سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنا میزائل پروگرام ملکی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تیار کیا ہے، نہ کہ کسی پر حملے کے لیے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک طرف ایران پر الزامات لگائے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب اسرائیل کو مہلک ہتھیار اور حتیٰ کہ اجتماعی تباہی کے ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں۔


































