
کیپ ٹاؤن: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللھیان نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ملاقات کی۔ سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ بیجنگ میں ایران، سعودی عرب معاہدے پر عمل درآمد کے اقدامات کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں عالمی امن و سلامتی کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے دوطرفہ کوششیں تیز کرنے کا موضوع بھی زیر بحث آیا ہے۔ وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مفادات میں معاون کثیر الجہتی اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے نئی مثبت راہیں کھولنے کے لیے مشترکہ تعاون پر غور کیا اور مشاورتی ملاقاتیں تیز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔


































