
بغداد : حکومت کی منظوری ملنے کے بعد حشدالشعبی نے امریکا کے وکٹوریہ بیس کو ڈرون حملے کا نشانہ بنادیا۔ ڈرون حملے میں ریڈار سسٹمز اور بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا۔ حملے میں امریکی فوج کی نگرانی اور فضائی صلاحیت متاثر ہوئی۔ اس سے پہلے امریکا نے مغربی عراق کے صوبے انبار کے علاقے حبانیہ میں حشعد الشعبی کے کلینک پر حملہ کرکے سات اہلکار شہید اور تیرہ زخمی کردئے تھے۔ اس حملے کے بعد حکومت نے پی ایم ایف کو ہر قسم کے حملے کا جواب دینے کا حق دے دیا، اور بغداد نے بدھ کو اس موقف کی دوبارہ تصدیق کی۔ وزارت دفاع نے کہا کہ عراق اس جارحیت کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے، اور یہ کارروائیاں قانونی دائرہ کار میں انجام دی جائیں گی ۔ عراقی مسلح افواج اور قومی سلامتی کونسل نے بھی حشعد الشعبی کو امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں مکمل کارروائی کا اختیار دے دیا ہے۔ حشعد الشعبی کو ہر حملے کے جواب میں کارروائی کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ جس کا مقصد ملک کی خودمختاری اور فوجی یونٹس کی حفاظت ہے۔ اس اقدام سے عراق کی جانب سے دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے اور خطے میں تناؤ میں اضافہ متوقع ہے۔


































