
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے یکساں قومی نصاب میں متنازع مواد کیخلاف 11 فروری کو یوم نصاب منانے کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ آئمہ جمعہ، نماز جمعہ کے خطبات میں متنازع نصاب کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالیں گے جبکہ اس حوالے سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کے مطابق نصاب میں متنازع مواد کی نشاندہی بھی کی گئی تھی لیکن ہمارے تحفظات دُور نہیں کئے گئے، جس کی وجہ سے احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔ حکومت نے نصاب کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور نہ کئے تو ہماری اعلیٰ قیادت اس حوالے سے نئے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نصاب کو غیر متنازع اور فرقہ واریت سے پاک ہونا چاہیئے، مگر جو نصاب نافذ کیا گیا ہے، اس میں اہلبیت اطہارؑ کے ابواب خارج کر دیئے گئے ہیں جبکہ واقعہ کربلا کو بھی نکال دیا گیا ہے۔


































